نئی دہلی:16/دسمبر (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) وزیر اعظم مودی نے الہ آباد (پریاگ راج )میں بڑا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بار تمام شردھالوں اکشے وٹ سے درشن کر سکیں گے۔ کئی نسلوں سے یہ اکشے وٹ قلعہ میں بند تھا، لیکن اس بار یہاں آنے والا ہر شردھالو’اشنان‘‘کرنے کے بعد اکشے وٹ کا درشن کر سکیں گے ۔ مودی نے کہا کہ پریاگ ، تپسیا، ثقافت اور رواج کی سرزمین ہے۔ حکومت نے کمبھ کے دوران تمام پہلوؤں پر خصوصی توجہ دی ہے ۔ کمبھ کو ذہن میں رکھتے ہوئے ریلوے وزارت اس وقت بھی کئی نئی ٹرینیں چلانے جا رہی ہے۔ پی ایم مودی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ اس بار اردھ کمبھ میں ’ ریاضت ‘(تپ ) سے ٹیکنالوجی تک کے ہر پہلو کا تجربہ دنیا کے لوگوں کو مل سکے۔ آستھا اور جدیدیت کا مثلث کتنا خوبصورت اور بے مثال ہو سکتا ہے، اس کا تجربہ لوگ یہاں سے لے کر جائیں، اس کوشش کی جا رہی ہے۔ مودی نے کہا کہ آج جن منصوبوں کا افتتاح کیا گیا ہے اس میں گنگا کی صفائی اور یہاں کے گھاٹوں کے تزئین کاری سے منسلک کئی منصوبے بھی شامل ہیں۔ 1700 کروڑ روپے کی لاگت سے بنے سیوریج۔ٹریٹمنٹ پلانٹس سے شہر کے قریب ایک درجن نالوں کے پانی کو گنگا میں جانے سے روکا جا سکے گا۔